03 مئی ، 2018
کراچی: نجی اسکولوں کی فیسوں میں اضافے کے معاملے پر عدالت کے حکم پر تشکیل دی گئی کمیٹی کا 6 گھنٹے طویل اجلاس ختم ہوگیا۔
کمیٹی جس میں محکمہ تعلیم ،والدین اور نجی اسکولوں کے نمائندے شامل تھے، کے فیصلے کے مطابق 36 ہزار سے زائد فیس وصول کرنے والے اسکول سالانہ 5 فیصد اضافہ کرسکیں گے جبکہ 30 ہزار سے زائد فیس والے اسکول سالانہ 6 فیصد اضافہ کرسکیں گے۔
کمیٹی کے فیصلے کے مطابق 24 ہزار سے زائد فیس والے اسکول سالانہ 7 فیصد اضافہ کرسکیں گے جبکہ 18 سے زائد فیس والے اسکول سالانہ 8 فیصد اضافہ کرسکیں گے۔
فیصلے میں کہا گیا کہ 12 ہزار سے زائد والے اسکول سالانہ 9فیصد اضافہ کرسکیں گے جبکہ 6 ہزار سے زائد فیس وصول کرنے والے اسکول سالانہ 10 فیصد اضافہ کرسکیں گے۔
سیکریٹری تعلیم کمیٹی کے فیصلے ہائی کورٹ میں جمع کرائیں گے۔
یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے نجی اسکولوں کو فیسوں میں اضافے سے روک دیا تھا اور عدالت نے صوبائی حکومت کو فیسوں میں اضافے کیلئے دوبارہ جائزہ لے کر قوانین بنانے کا حکم دیا تھا۔
بعدازاں سندھ حکومت نے عدالتی حکم پر عمل درآمد کرتے ہوئے کمیٹی تشکیل دی تھی۔