27 جولائی ، 2018
پاکستانی سائنسدانوں کی ٹیم آج چاند گرہن کے موقع پر سمندر کے مدو جزر کا جائزہ لے کر نئی تاریخ رقم کرے گی۔
آج رات اکیسویں صدی کا سب سے طویل چاند گرہن ہوگا جس کا دورانیہ 102 منٹ 57 سیکنڈ ہوگا۔
چاند گرہن کا سب سے اچھا نظارہ مشرقی افریقہ، مشرق وسطی اور وسطی ایشیا میں دیکھا جا سکے گا اور پاکستانی وقت کے مطابق چاند گرہن رات 10 بج کر 15 منٹ پر دیکھا جا سکے گا۔
پاکستانی سائنسدانوں کی ٹیم چاند گرہن کے موقع پر سمندر میں ہونے والی تبدیلیوں کا جائزہ لے گی اور اس کی رپورٹ ناسا کو بھی بھیجی جائے گی۔
چاند گرہن کا جائزہ لینے والی سائنسدانوں کی ٹیم کے ممبر ڈاکٹر ہافی کا کہنا ہے کہ ناسا نے بھی آج تک ہائیڈروسائیکلوٹرون ریڈیئس کی پیمائش نہیں کی۔
ڈاکٹر ہافی کے مطابق آج رات ساحلی پٹی پر لہروں کا مشاہدہ کریں گے۔
ڈاکٹر ہافی کے مطابق خلائی سائنس میں پاکستانی سائنسدانوں کا کام عالمی سطح پر مثبت تشخص اجاگر کرے گا اور ہماری پیمائش سائنسی شعبوں میں طویل عرصے تک مددگار ثابت ہوگی۔
پاکستانی سائنسدان ڈاکٹر ہافی کا کہنا ہے کہ چاند گرہن پاکستان میں بھارت سے پہلے ہو گا اس لیے 29 منٹ کے فرق سے ہم اپنی رپورٹ پہلے دے سکتے ہیں۔