Time 22 جنوری ، 2019
پاکستان

نیب کا جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ



اسلام آباد: نیب نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈ کوارٹر میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی سربراہی عرفان منگی کریں گے جب کہ چیئرمین نیب جاوید اقبال تحقیقات کی براہِ راست نگرانی کریں گے۔

نیب اعلامیے میں بتایا گیا ہےکہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے قانون کے مطابق اپنا کام شروع کردیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں قانون اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کی جائیں گے۔

اعلامیے میں کہا گیاہے کہ نیب کیس کو مکمل شفافیت اور میرٹ پر منطقی انجام تک پہنچانے پر یقین رکھتا ہے، میڈیا جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔

منی لانڈرنگ کیس

واضح رہےکہ سپریم کورٹ نے اپنے 7 جنوری کے فیصلے میں جعلی اکاؤنٹس کیس کی تفتیش نیب کے سپرد کرنے کا حکم دیا تھا۔

منی لانڈرنگ کیس میں اومنی گروپ کے سربراہ اور آصف زرداری کے قریبی ساتھی انور مجید اور ان کے صاحبزادے عبدالغنی مجید کو سپریم کورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ زرداری کے ایک اور قریبی ساتھی نجی بینک کے سربراہ حسین لوائی بھی منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار ہیں۔

اسی کیس میں تشکیل دی گئی جے آئی ٹی میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پیش ہوچکے ہیں۔

کیس کی تفتیش کرنے والی ایف آئی اے کی جے آئی ٹی نے اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائی جس کی روشنی میں حکومت نے آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور مراد علی شاہ سمیت 172 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالے تھے تاہم سپریم کورٹ نے بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا۔

مزید خبریں :