کھیل
Time 11 اکتوبر ، 2019

جنوبی افریقا کیخلاف ٹیسٹ میں ویرات کوہلی نے کئی ریکارڈز نام کرلیے

ساتویں ڈبل سنچری کے ساتھ ہی کوہلی سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے بھارتی کھلاڑی بن گئے — فوٹو: اے ایف پی 

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بناکر کئی ریکارڈز اپنے نام کرلیے۔

ویرات کوہلی نے جنوبی افریقا کے خلاف بھارتی شہر پونے میں جاری ٹیسٹ میچ میں ڈبل سنچری بنائی اور وہ 254 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر  کی 26 ویں سنچری ہے۔

بھارتی کپتان کے کیریئر کی یہ ساتویں ڈبل سنچری ہے اور یوں وہ سب سےز یادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھی پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ ان سے آگے سر ڈان بریڈمین، برائن لارا اور سنگارا ہیں جو بالترتیب 12، 11 اور 9 ڈبل سنچریاں بناچکے ہیں۔

اس کے ساتھ کوہلی ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے  زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے بھارتی کھلاڑی بن گئے ہیں، انہوں نے ٹنڈولکر اور سہواگ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جنہوں نے 6، 6 ڈبل سنچریاں بنائی ہیں۔

بھارتی رنز مشین نے ڈبل سنچریوں کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کرکٹ میں 7 ہزار رنز کا ہندسہ بھی عبور کیا ہے اور اس طرح انہوں نے ڈان بریڈ مین کو رنز میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

بریڈمین نے 52 میچز کی 80 اننگز میں 29 سنچریوں اور 15 نصف سنچریوں کی مدد سے 6996 رنز بنائے ہیں جبکہ کوہلی نے 7 ہزار رنز  81 ٹیسٹ میچز کی 138 اننگز  میں بنائے۔ 

ویرات کوہلی نے بریڈمین کا ایک اور ریکارڈ بھی اپنے نام کیا ہے اور بطور کپتان سب سے زیادہ 9 مرتبہ 150 یا اس سے زائد رنز بناچکے ہیں جبکہ ڈان بریڈ مین نے 8 بار 150 یا اس سے زائد رنز بنائے تھے۔

ویرات بطور کپتان بھی ٹیسٹ میچز میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے میں آسٹریلیا کے سابق کپتان رکی پونٹنگ کے برابر پہنچ چکے ہیں اور دونوں کی 19، 19 سنچریاں ہیں جبکہ اس فہرست میں جنوبی افریقا کے سابق کپتان گریم اسمتھ 25 سنچریوں کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔

مزید خبریں :