Time 31 اکتوبر ، 2019
کھیل

کامران اکمل فرسٹ کلاس کرکٹ میں 900 شکار کرنے والے پہلے ایشین وکٹ کیپر

گذشتہ 4 سیزن میں بطور وکٹ کیپر بلے باز میری پرفارمنس کے بعد مجھے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں موقع ملنا چاہیے،کامران اکمل— فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر  بیٹسمین کامران اکمل نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں 900 شکار مکمل کرلیے، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے ایشین وکٹ کیپر ہیں۔

وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے یہ سنگ میل اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں جاری قائد اعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب اور سندھ کے درمیان میچ میں عبور کیا۔

کامران اکمل نے میچ میں مجموعی طور پر وکٹوں کے پیچھے 8 شکار کیے ، وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں 900 شکار کرنے والے نہ صرف پہلے پاکستانی بلکہ پہلے ایشیائی وکٹ کیپر بھی ہیں۔

37 سالہ وکٹ کیپرنے اپنے فرسٹ کلاس کیریئر میں 836 کیچ اور64 اسٹمپ کیے۔

کامران اکمل نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہوئے  53 ٹیسٹ، 157 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی میں مجموعی طور پر 454 شکار کیے ہیں۔ 

جیو نیوز سے گفتگو میں کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ان کے اعداد و شمار اس بات کی گواہی ہے کہ ان کی وکٹ کیپنگ ختم نہیں ہوئی،ان کی خواہش ہے کہ وہ اب بھی پاکستان کی نمائندگی کریں۔

کامران اکمل نے کہا کہ جب تک کرکٹ کھیلوں گا ، بہتر سے بہتر پرفارم کرنے کی کوشش کرتا رہوں گا۔

ایک سوال پر وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ پچھلے 4 سیزن میں بطور وکٹ کیپر بلے باز ان کی پرفارمنس کے بعد انہیں ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں موقع ملنا چاہیے، اگر انگلینڈ اور آسٹریلیا میں 2 وکٹ کیپر ہوسکتے ہیں تو پاکستان میں کیوں نہیں ہوسکتے۔

کامران اکمل کا مزید کہنا تھا کہ کہا اگر موقع ملا تو وہ پانچویں یا چھٹے نمبر پر پاکستان کی بیٹنگ کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں :