04 نومبر ، 2019
پاکستان کرکٹ ٹیم میں پہلی بار شمولیت اختیار کرنے والے اسپنر کاشف بھٹی نے دورہ آسٹریلیا میں اپنی نظریں آسٹریلین بیٹسمین اسٹیو اسمتھ کی وکٹ پر جما لی ہیں۔
کاشف بھٹی کہتے ہیں کہ ان کی خواہش ہے کہ اگر انہیں آسٹریلیا میں موقع ملے تو وہ اسمتھ کی وکٹ ضرور حاصل کریں۔
آسٹریلیا کیلئے روانگی سے قبل کراچی میں اوپن میڈیا سیشن سے گفتگو میں کاشف بھٹی نے کہا کہ جب بھی موقع ملا، ان کی کوشش ہوگی کہ بنیادی اصولوں پر رہتے ہوئے مثبت کرکٹ کھیلیں اور ٹیم کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹیو اسمتھ آسٹریلیا کے اہم بیٹسمین ہیں اور ان کی خواہش ہے کہ ان کی وکٹ حاصل کریں۔
33 سالہ کاشف بھٹی نے 2007 میں اپنے فرسٹ کلاس کیرئیر کا آغاز کیا، ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں تسلسل کے ساتھ نمایاں پرفارمنس دینے کے باوجود بھی کاشف بھٹی کو سلیکٹرز کی توجہ حاصل کرنے میں کافی عرصہ لگ گیا تاہم وہ کہتے ہیں کہ تاخیر کے باوجود بھی وہ کبھی مایوس نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے گھر والے ہمیشہ یہ کہہ کر ان کی حوصلہ افزائی کرتے رہے کہ اور بھی ایسے کھلاڑی ہیں جنہیں دیر سے موقع ملا، آپ کو بھی موقع ملے جائے گا۔
نواب شاہ سے تعلق رکھنے والے کاشف بھٹی نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ ایک چھوٹے شہر سے آئے ہیں، ان کے محلے والوں کو بھی ان کے کارنامے پر فخر ہے۔
اسپنر نے بتایا کہ انہوں نے نواب شاہ سے ٹیپ بال کرکٹ کا آغاز کیا، وہاں ٹرف وکٹ نہیں تھی، گراؤنڈ پر اور گلی محلوں میں کھیل کر اپنی پریکٹس کرتے تھے۔