کھیل
Time 13 نومبر ، 2019

'‏تاریخ رقم کرنے کا موقع بھی ہے اور صلاحیت بھی'

— فائل فوٹو بشکریہ آئی سی سی

‏پاکستان اور آسٹریلیا اے کی ٹیموں کے درمیان پرتھ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا تین روزہ ٹور میچ ڈرا ہو گیا لیکن اس میچ میں پاکستان ٹیم کا پلہ بھاری رہا۔

بیٹنگ اور بولنگ میں پاکستان ٹیم نے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا اور یہی وجہ ہے کہ کپتان اظہر علی بھی خاصے مطمئن ہیں۔

میچ کے اختتام پر گفتگو میں اظہر علی نے کہا کہ ٹیم کے لیے سائیڈ میچ بہت زبردست رہا اور انہیں ٹیسٹ سیریز سے پہلے پریکٹس کا اچھا موقع ملا ۔

‏اظہرعلی نے کہا کہ پہلے روز بابر اعظم اور اسد شفیق اچھا کھیلےجب کہ آسٹریلیا اے کی ٹیم بھی مستند بولرز اور بیٹسمینوں پر مشتمل تھی۔

میچ میں پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور اسد شفیق نے سنچریاں اسکور کیں جب کہ دوسری اننگز میں افتخار احمد نے 79 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی جب کہ بولرز میں عمران خان نے پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کیں۔

اظہر علی کے مطابق پاکستان نے بیٹنگ کے بعد بولنگ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی اور عمران خان اور نسیم شاہ نے سب کو متاثر کیا۔

اس میچ کے دوران ہی نسیم شاہ پاکستان میں اپنی والدہ کے انتقال کے باعث شدید صدمے سے بھی دوچار ہوئے لیکن انہوں نے کھیل کو جاری رکھا۔

‏کپتان اظہر علی کا ماننا ہے کہ ٹیسٹ میچ میں کامیابی کے لیے 20 وکٹوں کا حاصل کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔ 'مجھے اس میں کوئی کوئی شک نہیں ہے کہ اگربولروں نے اسی طرح بولنگ کی تو وہ وکٹیں نہیں لے سکیں گے۔ تمام کھلاڑی پرجوش ہیں اور ٹیسٹ سیریز کے منتظر ہیں ۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹیم نے اب تک آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز نہیں جیتی سکی ہے اور اظہرعلی کا کہنا ہے کہ اب موقع بھی ہے اور ٹیم میں تاریخ رقم کرنے کی صلاحیت بھی ہے۔

مزید خبریں :