28 نومبر ، 2019
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کو چیلنج قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ کھیلنا چاہتا ہے لیکن بھارت کو کھیل اور سیاست کو الگ رکھنا چاہیے، اگر بھارتی ٹیم نہیں کھیل رہی تو کرکٹ کے کھیل کو نقصان ہوگا۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کسی چیلنج سے کم نہیں لیکن پاکستان نے اس سیریز کیلئے بہت اچھی تیاری کی ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز ملائیشیا میں کھیلی جائے گی، ون ڈے سیریز آئی سی سی چیمپئن شپ کا حصہ ہے۔
بسمہ معروف نے کہا کہ پاکستان کو آئی سی سی چیمپئن شپ کی ٹاپ فور میں جگہ بنانے کیلئے صرف ایک پوائنٹ کی ضرورت ہے اس لیے یہ سیریز ہمارے لیے بہت اہم ہے۔
سابق کپتان ثناء میر کی سیریز سے دستبرداری کے حوالے سے بسمہ معروف نے کہا کہ ان کی کمی شدت سے محسوس ہوگی انہوں پاکستان ٹیم کو بڑی کامیابیاں دلائیں ہیں۔
ثناء سے اختلافات یا ان کی ناراضی کے حوالے سے بسمہ نے کہا کہ وہ اس حوالے سے لاعلم ہیں اور ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
پاک بھارت ویمنز سیریز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کا شمار اچھی ٹیموں میں ہوتا ہے اور وہ بھارت کے ساتھ سیریز جیتنا چاہتی ہیں لیکن اگر بھارت نہیں کھیل رہا تو اس کا نقصان کرکٹ کو ہوگا۔