21 اگست ، 2012
کراچی…فارن ڈیسک… دنیا بھر میں چینی سب سے زیادہ سگریٹ نوش ہیں جن کی تعداد 30کروڑ ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ تحقیق برطانوی طبی جریدے 'لانسیٹ' میں شائع رپورٹ میں کہا گیا کہ دنیا میں سگریٹ نوشی کی موجودہ صورتِ حال کا جائزہ لیا گیا ہے۔ چین کی 28 فی صد آبادی یعنی لگ بھگ 30 کروڑ افراد تمباکو نوشی کرتے ہیں۔ چین میں عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر عائد نئی پابندیوں کے باوجود چینی شہریوں کی ایک بڑی تعداد تمباکو کا زہر نگل رہی ہے۔روک تھام میں رکاوٹ سرکاری ٹوبیکو کمپنیاں ہیں ۔ کئی سگریٹ ساز کمپنیاں چینی حکومت کی ملکیت ہیں جن سے حکومت بھاری منافع کماتی ہے۔ چینی حکومت نے حال ہی میں تمباکو نوشی کے بڑھتے ہوئے استعمال پر قابو پانے کے لیے ریستورانوں، قہوہ خانوں، اور دیگر عوامی مقامات پر سگریٹ نوشی پر پابندی عائد کی ہے۔ تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں تمباکو نوشی کی بڑھتی ہوئی وبا کا ایک بڑا سبب سگریٹ کی اشتہاری مہمات ہیں۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق دنیا بھر میں ہر سال تمباکو نوشی سے 60 لاکھ افراد ہلاک ہوتے ہیں جن میں سے 10 لاکھ اموات صرف چین میں ہوتی ہیں۔