07 فروری ، 2020
وزیراعظم عمران خان کے آزاد جموں و کشمیر کے کامیاب دورے کے دوران کشمیر ریلی سے خطاب کے بعد ان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کشمیر ہی کے چرچے ہیں۔
وزیراعظم کے انسٹاگرام اکاؤنٹ نے آزاد جموں و کشمیر ریلی کی ایک پورے صفحے کی تصویر شائع کی ہے جو بتاتی ہے کہ کشمیر میں انصاف کیوں ناپید ہے؟
مقبوضہ جموں و کشمیر میں 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد، وزیراعظم عمران خان نے خود کو دنیا میں کشمیر کا سفیر قرار دیا اور انہوں نے عالمی رہنماؤں کے سامنے مسئلہ کشمیر کی وکالت کی، جو اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔
فُل اسکرین امیج میں آزاد جموں و کشمیر میں کی گئی وزیراعظم کی تقریر کا ایک حوالہ بھی دیا گیا جس کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’میرے کشمیری عوام! میں نے دنیا میں آپ کا سفیر بننے کا وعدہ کیا۔ میں یہاں پاکستان کے وزیر اعظم کی حیثیت سے نہیں بلکہ کشمیر کے سفیر کی حیثیت سے کھڑا ہوں‘۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے میرپور آزاد کشمیر میں ریلی سے خطاب میں بھارتی وزیراعظم مودی کو خبردار کیا تھا کہ وہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں اور اگر انہوں نے پاکستان پر حملہ کیا تو یہ ان کی آخری غلطی ہوگی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اس جلسے کا مقصد کشمیریوں کو ایک پیغام دینا ہے کہ صرف آزاد کشمیر کے عوام نہیں سارا پاکستان آج مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔