06 جنوری ، 2021
کراچی کی مشہور برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ پر شام 7 بجے سے گاڑیوں کا داخلہ بند کرنے اور اسے پیدل چلنے والوں کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق فیصلے کا اطلاق 10 جنوری سے ہوگا اور برنس روڈ فوڈ اسٹریٹ کو پیدل چلنے والوں کیلئے مختص کردیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شاہراہ لیاقت کو فریسکو سے کورٹ روڈ تک شام 7 بجے گاڑیوں کیلئے بند کردیا جائے گا اور آرام باغ سے آنے والی ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ اور دائیں جانب پیپلز اسکوائر موڑا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ فریسکو چوک سے فاطمہ جناح وومن کالج تک سڑک پیدل چلنے کیلئے مختص ہوگی جبکہ رہائشیوں کیلئے گاڑیوں کے اسٹیکرز جاری کیے جائیں گے اور فوڈ اسٹریٹ آنے والوں کو ویلے پارکنگ کی سہولت مہیا کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایمرجنسی صورتحال سے نبردآزما ہونے کیلئے راستہ رکھا جائے گا جبکہ سڑک کے دونوں اطراف مارکنگ کی جائے گی تاکہ ہوٹلز کرسیاں آگے نہ رکھ سکیں۔