07 جولائی ، 2021
برصغیر کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار 54 سالہ رفاقت کے بعد اہلیہ سائرہ بانو کو تنہا چھوڑ گئے لیکن ان دونوں اداکاروں کی محبت کی بھی ایک اپنی کہانی ہے۔
آئیے جانتے ہیں اس سدابہار جوڑی کی محبت بھری زندگی کے کچھ دلچسپ پہلو۔
سائرہ بانو کی دلیپ کمار سے پہلی ملاقات
مداح یوں تو اپنے پسندیدہ اداکار کے عشق میں گرفتار ہو جاتے ہیں لیکن سائرہ بانو کی محبت دلیپ کمار کیلئے اتنی سچی تھی کہ قدرت نے دونوں کا ساتھ مقدر میں لکھ دیا۔
12 سال کی عمر میں سائرہ بانو کو اس وقت کے چمکتے ستارے دلیپ کمار سے محبت ہوگئی جس وقت ان کی عمر 34 برس تھی۔
سائرہ بانو کی والدہ نسیم بانو بھی ایک اداکارہ تھیں جب کہ سائرہ بانو نے فلمی کیرئیر کا آغاز 16 برس کی عمر سے کیا۔
سائرہ بانو اور دلیپ کمار کی ملاقات اداکارہ کی والدہ کے توسط سے ہوئی، سائرہ بانو نے اپنے ایک انٹرویو میں اس ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا تھا کہ وہ وقت اپنے اندر ایک طلسم لیے ہوئے تھا، دلیپ نے مجھے خوبصورت لڑکی قرار دیا تھا، ان کے اس تبصرے نے میری حوصلہ افزائی کی، میری حِس مجھے کہہ رہی تھی کہ میں ان کی اہلیہ بنوں گی۔
شادی کی پیشکش
دونوں اداکاروں کی ملاقات کا سلسلہ شروع ہوا، دلیپ کمار نے سائرہ بانو کو فلم ’جھک گیا آسمان‘ کی شوٹنگ کے دوران شادی کی پیشکش کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار کی منگنی کے دن ایک خاتون نے ان کی گرل فرینڈ ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔
خاتون نے نشہ آور گولیاں بھی کھالی تھیں، بعدازاں جب یہ بات دلیپ کمار کے علم میں لائی گئی تو وہ ازخود اس کے گھر گئے اور خیریت دریافت کی۔
شادی کا وقت
سائرہ بانو اور دلیپ کمار کی شادی 11 اکتوبر 1967 میں ہوئی جب سائرہ بانو محض 22 جب کہ اداکار دلیپ کمار کی عمر 44 برس تھی۔
شادی کے بعد مسائل
سائرہ بانو اور دلیپ کمار کو شادی کے بعد کئی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جن میں سے ایک اداکارہ سائرہ بانو کی صحت کا مسئلہ تھا۔ سائرہ بانو 1972 میں حاملہ ہوئیں لیکن طبی مسائل کے باعث وہ بچے کو جنم نہ دے سکیں، اس واقعے نے دونوں پر کافی گہرے اثرات مرتب کیے۔
دوسری شادی
شہنشاہِ جذبات کے لقب سے مشہور دلیپ کمار نے 1981 میں اسما رحمان نامی خاتون سے شادی کی جو محض 2 سال تک چل سکی، اپنے کئی انٹرویوز میں اداکار نے اس شادی کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا تھا۔
دلیپ کمار کی اسما سے ملاقات حیدرآباد میں ہونے والے ایک کرکٹ میچ کے دوران ہوئی تھی۔
سائرہ بانو نے 1976 میں اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کی اور اپنا تمام تر وقت شوہر کیلئے وقف کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
2014 میں دیے گئے ایک انٹرویو میں سائرہ بانو کا کہنا تھا کہ میں اب بھی یوسف صاحب سے اتنی ہی محبت کرتی ہوں جو پہلی بار انہیں دیکھ کر محسوس ہوئی تھی۔