کاروبار
Time 25 ستمبر ، 2021

سردیوں میں گھریلو صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں اضافے کی تجویز

اسلام آباد: پیٹرولیم ڈویژن نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی قیمت 35 فیصد تک بڑھانےکی تجویز دے دی۔

پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق سردیوں میں نومبر سے فروری تک چار مہینوں میں گیس کا استعمال کم کرنے کے لیے گھریلو صارفین کے آخری چار سلیب کے لیے گیس کی قیمت 35 فیصد تک بڑھانے کی تجویز ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ماہانہ 100 مکعب میٹر تک گیس استعمال کرنے والے پہلے دو سلیب کے لیے گیس کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے اور باقی گھریلو صارفین کے لیے گیس مہنگی کرنے کی تجویز ہے۔

ذرائع کے مطابق  آخری چار سلیب ماہانہ 300 سے لے کر 400 مکعب میٹر سے زیادہ گیس استعمال کے ہیں، ماہانہ 300 مکعب میٹر گیس استعمال پر تیسرے سلیب کی قیمت میں 24 فیصد جب کہ چوتھے پانچویں اور چھٹے سلیب کی قیمتوں میں 35فیصد اضافے کی تجویز ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق سمری کابینہ کی توانائی کمیٹی میں پیش کی جاچکی تاہم ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

مزید خبریں :