دنیا
Time 30 اکتوبر ، 2021

اسکول پرنسپل نےطالبعلم کو سزا دینےکیلئے عمارت سے نیچے لٹکا دیا

بھارتی ریاست اترپردیش کے علاقے مرزا پور میں اسکول پرنسپل نے طالب علم کو سزا دینے لیے پہلی منزل سے نیچے الٹا لٹکا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مرزا پور کے ایک نجی اسکول میں پیش آنے والے واقعے کی ویڈیو اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اسکول پرنسپل نے دوسری جماعت کے طالب علم کو بغیر  پوچھےگول گپےکھانےکے لیے جانے اور ساتھی طالب علم سے جھگڑا کرنے پر سزا دینے کے لیے خوفناک طریقہ استعمال کیا۔

اسکول پرنسپل نے پانچ سال کےبچے کو پہلی منزل پر لے جاکر ٹخنوں سے پکڑ کر الٹا لٹکادیا اورگرانے کی دھمکیاں دیتا رہا، بچہ روتا رہا اور یہ منظردیکھ کر دوسرے بچے بھی رونے لگے۔

معصوم بچے کی جانب سے معافی مانگنے اور آئندہ شرارت نہ کرنے کے وعدے پر پرنسپل نے بچے کو واپس کھینچ لیا۔

ظالمانہ اور غیر ذمہ دارانہ سلوک کی ویڈیو اور تصاویر وائرل ہونےکے بعد بچےکے والد کی شکایت پر مقدمہ درج کرکے پولیس نے اسکول پرنسپل کو گرفتار کرلیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق گرفتاری سے پہلے تک اسکول پرنسپل غلطی ماننے سے انکار کرتا رہا، اس کا کہنا تھا کہ بچے کے والد نے ہی اس سے کہا تھا کہ اس کا بیٹا بہت شرارتی ہے اس لیے اسے ٹھیک کرو، بچہ دیگر بچوں کو کاٹتا بھی ہے اور بہت شرارتیں کرتا ہے، اس لیے اسے ڈرانے کے لیے ایسا کیا۔

مزید خبریں :