11 مارچ ، 2022
پاکستان میں مچھروں سے پھیلنے والی نئی بیماری ویسٹ نائل بخار کے شواہد سامنے آنے لگے ہیں۔
طبی ماہرین نے پاکستان میں بڑی تعداد میں پرندوں کے مرنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرندوں کا بغیر کسی وجہ کے بڑی تعداد میں مرنا ویسٹ نائل وائرس کی وجہ سے ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر فیصل محمود کا کہنا ہے کہ ویسٹ نائل وائرس ڈینگی اور ملیریا کی طرح مچھروں سے پھیلتا ہے، ویسٹ نائل وائرس پھیلانے والا مچھر کیولیکس بھی پاکستان میں موجود ہے۔
تاہم طبی ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویسٹ نائل وائرس کی پاکستان میں موجودگی سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
ڈاکٹر ارم خان کا کہنا ہے کہ 2016 میں تحقیق کے ذریعے ویسٹ نائل وائرس کی پاکستان میں موجودگی ثابت کر چکے ہیں، ویسٹ نائل وائرس پولیو کی طرز کی معذوری کا سبب بن سکتا ہے۔
ڈی جی ہیلتھ پاکستان ڈاکٹر رانا محمد صفدر کا کہنا ہے کہ ویسٹ نائل وائرس کی موجودگی کی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں، قومی ادارہ برائے صحت کو ویسٹ نائل وائرس پر تحقیقات کے لیے کہہ دیا ہے۔