19 مئی ، 2022
خیرپور پولیس نے حساس اداروں کی مدد سے نیشنل ہائی وے پر کارروائی کرکے کنٹینر سے بارود برآمد کرلیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس اور حساس اداروں نے کنٹینر کو ضبط کرکے اس کے خفیہ خانوں میں چھپا بارودی مواد قبضے میں لے کر تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ملزمان نے حراست میں لیے جانے کے بعد بتایا کہ وہ اسے تعمیراتی شعبے کے لیے لے کر جارہے تھے۔
ذرائع کا کہناہےکہ مبینہ طور پر یہ بارود غیر قانونی طور پر فروخت کیا جاتا ہے اور اس سلسلے میں اطلاع ملنے پر حساس اداروں نے خیرپور پولیس کے ہمراہ کارروائی کی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ غیر قانونی بارودی مواد کو تخریبی کارروائیوں میں استعمال کیے جانے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے اور اطلاعات ملی ہیں یہ بارودی مواد پنجاب سے کراچی پہنچایا جانا تھا۔