07 جولائی ، 2022
سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر دوسری اہلیہ دعا بھٹو پھٹ پڑیں۔
دعا بھٹو نے بیٹے کامل شیخ کے ہمراہ ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے حلیم عادل کی گرفتاری پر سوال اٹھاتے ہوئے سندھ حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا۔
ویڈیو پیغام میں دعا بھٹو نے کہا کہ ’میں اور میرا بیٹا یہ پوچھنا چاہتے ہیں کہ میرے شوہر کہاں ہیں؟ پہلے ان کود ھمکیاں دی گئیں، ان سے سکیورٹی لی گئی پھر ڈاکوؤں کی طرح انہیں گرفتار کیا گیا، کیا میرے شوہر کوئی ڈاکو ہیں؟ کوئی غنڈے تھے؟ ان کی جان کو خطرہ ہے، میرے شوہر کا قصور کیا یہ تھا کہ وہ عوام کے لیے بات کررہے تھے ؟ ان مافیا کا چہرہ بے نقاب کرتے تھے؟جو بڑے بڑے ڈاکو اور غنڈے بیٹھے ہیں پہلے انہیں تو گرفتار کیا جائے‘۔
حلیم عادل کی اہلیہ نے کہا کہ ’میرے شوہر کو رات 3 بجے ہوٹل سے غائب کردیا گیا، میرا ان عدالتوں سے سوال ہے کہ میرے شوہر کہاں ہیں؟ اگر انہیں کچھ بھی ہوا تو میں اس پوری زرداری مافیا ، مراد علی شاہ سمیت اس امپورٹڈ حکومت کو نہیں چھوڑوں گی، آپ یہ سب کرکے ان کی زبان بند نہیں کرسکتے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’میری عوام سے بھی یہی اپیل ہے کہ نکلیں اور اس مافیا کا مقابلہ کریں، حلیم عادل شیخ کے ساتھ کھڑے ہوں‘۔
دوسری جانب ٹوئٹر پر بھی دعا بھٹو نے شوہر کے ہمراہ اپنی اور بیٹے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے شوہر کا ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کیا۔