گنج پن کے مؤثر علاج کی دریافت میں پیشرفت

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

دنیا بھر میں ہر سال گنج پن سے متاثر افراد علاج کے لیے ساڑھے 3 ارب ڈالرز سے زیادہ خرچ کردیتے ہیں اور کوئی بھی طریقہ علاج 100 فیصد مؤثر نہیں۔

مگر اب ایک نئی دریافت سے گنج پن کا مؤثر طریقہ علاج تشکیل دینا ممکن ہوجائے گا۔

درحقیقت ہمارے بالوں کی جڑوں میں ہی گنج پن کا مؤثر علاج چھپا ہوا ہے۔

یہ بات جرنل بائیو فزیکل میں شائع ایک نئی تحقیق میں بتائی گئی۔

محققین نے بتایا کہ ممکنہ طور پر ہمارے کام سے گنج پن سے متاثر افراد کو مختلف مسائل سے نجات دلانے میں مدد مل سکے گی۔

تحقیق میں بالوں کی جڑوں میں ایک پروٹین کو دریافت کیا گیا جو بالوں کی نشوونما اور جڑوں کی موت سے جڑا ہوتا ہے۔

ٹی جی ایف بیٹا نامی پروٹین بالوں کی جڑوں میں خلیات کو کنٹرول کرنے اور نئے خلیات کو بنانے میں مدد فراہم کرتا ہے، مگر اس پروٹین کی مقدار بہت زیادہ ہونے سے بالوں کی جڑوں کو نقصان پہنچتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ ٹی جی ایف بیٹا کے 2 کردار ہوتے ہیں یہ بالوں کی جڑوں کے کچھ خلیات کو متحرک کرکے انہیں نئی زندگی فراہم کرتا ہے، مگر عمر بڑھنے کے ساتھ یہ خلیات کی موت کا باعث بھی بن جاتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بالوں کی جڑوں کے مرنے کے باوجود اسٹیم سیلز کا ذخیرہ موجود ہوتا ہے، اگر ان خلیات کو بحال کیا جاسکے تو نئے خلیات بننے لگتے ہیں اور نئی جڑیں اگنے لگتی ہیں۔

اس دریافت کی کنجی اسٹیم سیلز ہیں جن سے گنج پن کا علاج کرنا ممکن ہوسکتا ہے۔

اسٹیم سیلز انسانی جسم کے ایسے خلیات ہوتے ہیں جو خلیات کو نئی زندگی دینے کا کام کرتے ہیں۔

محققین کے مطابق اگر ہم ٹی جی ایف بیٹا کو سطح کو کنٹرول کرنے کے قابل ہوجائیں تو یہ گنج پن سے نجات کی کنجی بن ثابت ہوسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر سائنس فکشن میں کرداروں کے زخم فوری طور پر ٹھیک ہوسکتے ہیں تو حقیقی زندگی میں اسٹیم سیلز سے بھی ہم ایسا کرسکتے ہیں۔

مزید خبریں :