29 اگست ، 2022
سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے 11 گھنٹے میں ترکیہ سے تیسرے خصوصی طیارے کی کراچی آمد ہوئی۔
پاکستان کے سیلاب اور بارش متاثرین کے لیے ترکیہ حکومت کی جانب سے امدادی سامان لے کر ترکش ائیرفورس کی تیسری پرواز آج صبح سویرے کراچی پہنچی۔
ترکیہ سے 2 طیارے گزشتہ رات متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر کراچی آئے جس میں پہلی پرواز گزشتہ رات 8 بجے کراچی پہنچی جس میں 38 ٹن امدادی سامان تھا۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر وفاقی وزیر خرم دستگیر، صوبائی وزیر سعید غنی، ترکش قونصلر، پی ڈی ایم اے سندھ کے ڈی جی سلمان شاہ اور دیگر نے پرواز کا استقبال کیا۔
امدادی سامان لانے والا ترکش ائیر فورس کا دوسرا خصوصی طیارہ رات 10 بجے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر پہنچا جس میں 14 ٹن امدادی سامان کراچی پہنچایا گیا۔
ترکش ائیر فورس کا تیسرا طیارہ مزید امدادی سامان لے کر صبح 7 بجے کراچی پہنچا۔ حکومت ترکیہ کی جانب سے پاکستان کے سیلاب اور بارش سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے بھیجے گئے سامان میں ٹینٹس، مچھر دانیاں اور اشیاء خورو نوش شامل ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق تینوں طیارے کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔