09 مارچ ، 2023
سندھ پولیس کی کراچی رینج کے 60 ہزار ملازمین کو میڈیکل انشورنس کوریج فراہم کرنے کے لیے معروف اور تجربہ کار انشورنس کمپنیوں سے ٹینڈر طلب کر لیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق چیئرمین پروکیورمنٹ کمیٹی ایس ایس پی مددگار 15 سندھ پولیس کی طرف سے جاری مراسلے کے مطابق انشورنس پالیسی کی مدت ایک سال ہوگی۔
میڈیکل انشورنس کنٹریکٹ کے حصول میں دلچسپی رکھنے والی کمپنی کے پاس سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ قابل میعاد انشورنس لائسنس کا ہونا لازم ہے۔
اس کے علاوہ پیش کش دینے والے ادارے یا افراد کو میڈیکل انشورنس سروس مہیا کرنے میں کم از کم تین سال کے تجربہ کار ہونا لازمی ہے۔ کمپنی سے متعلقہ لازمی دستاویزات کے ساتھ ساتھ گزشتہ تین برسوں کے مالیاتی گوشوارے بھی طلب کیے گئے ہیں۔
پولیس ملازمین کی میڈیکل انشورنس کیلئے کمپنی کا فیصلہ 29 مارچ کو کیا جائے گا۔