Time 12 اپریل ، 2023
پاکستان

مردم شماری کی بقیہ معلومات لینے کا کہہ کر سرکاری اداروں کے نام پر فراڈ کی وارداتیں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کسی قریبی عزیز کی ریپ کیس میں گرفتاری کا کہہ کر شہریوں سے پولیس کے نام پر رقم بٹورنے کے ہزاروں کیسز کے بعد اب مردم شماری کی بقیہ معلومات کیلئے آرمی ہیڈ کوارٹر کے نام سے جعلسازوں نے سادہ لوح شہریوں کو لوٹنا شروع کر دیا ہے۔ 

کال کرنے والے فراڈیے مختلف موبائل فون نمبروں سے کال کرکے خود کو آرمی والے ظاہر کرتے ہیں اور مردم شماری کے حوالے سے سوال جواب کرکے باقی رہ جانے والی معلومات حاصل کرنے کا بہانہ بناتے ہیں۔ 

جعلی فوجی اہلکار شہریوں سے کاروبار یا نوکری جیسی معلومات لے کر اپنے میجر سے بات کرنے کا کہتا ہے۔ جعلی میجر شہری سے ٹیکس ادا کرنے کے حوالے سے پوچھتا ہے اور پھر بینک اکاؤنٹس کی معلومات حاصل کرتا ہے۔ 

اس کے بعد اے ٹی ایم کارڈ استعمال کرنے کے بارے میں پوچھا جاتا ہے اور پھر بہانوں سے اے ٹی ایم کا نمبر اور کوڈ حاصل کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ یہ بہروپیے اس طرح عام اور سادہ لوح شہریوں کو پاک فوج کا جھانسہ دے کر ان کے بینک اکاؤنٹس میں موجود رقوم سے محروم کر دیتے ہیں۔ 

حکام کے مطابق مردم شماری کے حوالے سے کسی بھی طرح کوئی بھی سرکاری محکمہ شہریوں کو فون کال نہیں کرتا، شہری کسی بھی طرح اس طرح کے فراڈیوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔

مزید خبریں :