21 اپریل ، 2023
امریکا میں پولیس کوایسے ملزم کی تلاش ہے جس نے گھر کے صحن میں پڑوس سے باسکٹ بال آنے پر 6 سالہ بچی سمیت 4 افراد کو گولی مار کر زخمی کر دیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق امریکی ریاست کیرولینا میں باسکٹ بال کھیلتے ہوئے گیند 24 سالہ روبرٹ لوئس کے گھر کے صحن میں چلی گئی۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ جیسے ہی بچی اور اس کے والد باسکٹ بال لینے روبرٹ کے دروازے پر آئے تو 24 سالہ شخص اندر سے پستول لایا اور فائرنگ شروع کردی جس سے 6 سالہ بچی، اس کا باپ اور دو دیگر افراد زخمی ہوگئے۔
فائرنگ کے بعد روبرٹ جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا جبکہ پڑوسیوں کی جانب سے زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ روبرٹ کو قتل کی پہلی کیٹیگری کے جرم کی چار دفعات میں نامزد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پولیس کی جانب سے روبرٹ پر قتل کرنے کے ارادے سے ہتھیار رکھنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے وارنٹ جاری کردیے گئے اور اس کی تلاش کے لیے چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی ریاست میسوری کے شہر کنساس میں غلطی سے گھر کی گھنٹی بجانے پر گھر کے مالک نے 16 سالہ سیاہ فام نوجوان کو گولیاں مار کر زخمی کردیا تھا۔