Time 11 جولائی ، 2023
پاکستان

کے پی ٹی افسر کا قتل: پولیس نے مقتول کی بڑی بیٹی کو گرفتار کرلیا

والد مجھے قتل کرنا چاہتا تھا، والد نے مارپیٹ کے دوران نیچے گرا کر گردن زور سے دبائے رکھی تھی: ملزمہ کا بیان/ فوٹو جیونیوز
والد مجھے قتل کرنا چاہتا تھا، والد نے مارپیٹ کے دوران نیچے گرا کر گردن زور سے دبائے رکھی تھی: ملزمہ کا بیان/ فوٹو جیونیوز

کراچی کے علاقے لالازار سوسائٹی میں کراچی پورٹ ٹرسٹ کے گریڈ 18 کے افسر کے قتل کے الزام میں پولیس نے ان کی بڑی بیٹی کو گرفتار کرلیا۔ 

پولیس کے مطابق 53 سالہ عتیق الرحمان میمن کو سرکاری رہائش گاہ میں قتل کیا گیا، عتیق الرحمان گزشتہ رات دفتر سے گھر آئے تو ان کا پہلی بیوی سے ہونے والی بڑی بیٹی سے جھگڑا ہوگیا جس دوران عتیق نے بیٹی کو تشدد کا نشانہ بنایا، ہاتھا پائی کے دوران تیز دھار آلہ گردن پر لگنے سے عتیق الرحمان کی موت واقع ہوئی۔

پولیس کے مطابق 22 سالہ ملزمہ صبا نے اپنے بیان میں بتایا کہ والد اسے قتل کرنا چاہتا تھا، والد نے اسے مارپیٹ کے دوران نیچے گرا کر گردن زور سے دبائے رکھی تھی، اس نے جان بچانے کیلئے مزاحمت کی۔

لڑکی کے مطابق پتا نہیں والد کو کیا لگا کہ ان کی گردن سے خون نکلنے لگا، والد نیچے گرے تو سب بہن بھائیوں نے ان کی جان بچانے کی کوشش کی لیکن خون بند نہیں ہوا،  گھر والے قریبی اسپتال لے گئے تو ان کی موت واقع ہوچکی تھی۔

پولیس کا کہنا ہےکہ مقتول کے بھائی کی مدعیت میں قتل کا مقدمہ ڈاکس تھانے میں درج کرکے ملزمہ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

 پولیس کے مطابق پہلی بیوی کے انتقال کے بعد عتیق الرحمان نے دوسری شادی کی تھی، مقتول کے پہلی بیوی سے 3 اور دوسری سے 4 بچے ہیں جو ایک ہی فلیٹ میں رہتے ہیں۔ 

53 سالہ عتیق الرحمان میمن کراچی پورٹ ٹرسٹ میں گریڈ 18 کے افسر تھے جو اسٹور مینیجر کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے تھے۔

مزید خبریں :