Time 24 جولائی ، 2023
کھیل

ایمرجنگ ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان شاہینز کا ہوٹل پہنچنے پر شاندار استقبال

فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب
فوٹو: پی سی بی اسکرین گریب 

بھارت کو شکست دے کر ایمرجنگ ایشیا کپ جیتنے والی پاکستان شاہینز  کی ٹیم کا ہوٹل پہنچنے پر پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔

اتوار کو پاکستان شاہینز نے بھارت اے کو بڑے مارجن سے شکست دے کر ایمرجنگ ایشیا کپ کا کامیابی سے دفاع کیا۔

سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت اے کے کپتان نے ٹاس جیت کر پاکستان شاہینز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان شاہیز نے طیب طاہر کی شاندار سنچری اور صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب کی ففٹیز کی بدولت مقررہ 50 اوورز میں 352 رنز اسکور کیے۔

تاہم پاکستان شاہینز کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں بھارت اے کی ٹیم 224 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور اس طرح پاکستان نے ایمرجنگ ایشیا کپ 128 رنز سے جیت لیا۔ 

بھارت کے خلاف فائنل جیتنے کے بعد  پاکستان شاہینز کی ٹیم کا ہوٹل پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ کے پلیئرز نے شاہینز کا تالیاں بجاکر استقبال کیا، بابر اعظم ، شاہین آفریدی ، سرفراز اور حسن علی نے نوجوان پلیئرز کو گلے لگا کر مبارک باد دی۔

دونوں ٹیموں کے کرکٹرز نے جیت کا جشن روایتی انداز میں کیک کاٹ کر منایا۔بابر اعظم نے کیک کاٹتے وقت فائنل میں سنچری  بنانے والے طیب طاہر کو آگے بلا لیا۔

دوسری جانب ہوٹل کی لابی میں فینز بھی پاکستان شاہینز کو مبارک باد دینے جمع ہوئے، اس موقع پر فینز نے شاہین کے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کا ٹیسٹ اسکواڈ سیریز کھیلنے کیلئے سری لنکا میں موجود ہے۔

دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ آج سے کولمبو میں شروع ہوگا، پاکستان کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔

مزید خبریں :