28 جولائی ، 2023
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں اکرم ابڑو اور ان کے بیٹے کے قتل میں ملوث ملزمان کے فرار کا روٹ میپ تیار کرلیا گیا۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق ملزمان نے واردات کے لیے مکمل ریکی کے بعد ڈیفنس میں جائے وقوعہ کا انتخاب کیا، اکرم ابڑو کیفے کلفٹن کے عقب میں واقع گھر سے گاڑی میں روانہ ہوئے تھے جس کے بعد خیابان اتحاد سے کورنگی کریک روڈ تک ملزمان اکرم ابڑو کی گاڑی کے آگے پیچھے رہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہےکہ ملزمان کے پاس اکرم ابڑو کی نقل و حرکت کی مکمل معلومات ہونے کا شبہ ہے، ملزمان نصف گھنٹے تک اکرم ابڑو کے گھر سے نکلنے کا انتظار کرتے رہے۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق مقتولین کی ریکی کرنے کے لیے گروہ کا سرغنہ تین روز سے کراچی میں موجود تھا، فائرنگ کے واقعہ کے بعد ملزمان کریک روڈ سے قیوم آباد کی جانب فرار ہوئے، قیوم آباد میں ایک سپر مارکیٹ کے پاس تک ملزمان کی موجودگی کا سراغ لگایا گیا۔
حکام کا کہنا ہےکہ واردات میں استعمال کی گئی کار گینگ لیڈر نے اپنے دوست سے کام کے بہانے لی تھی، دہشتگردی میں موٹر سائیکلوں کے علاوہ کار نمبر ANJ688 استعمال کی گئی جب کہ کار کی رجسٹریشن کی مدد سے اصل ملزم کا سراغ مل گیا۔
رکن اسمبلی کے بھائی اور بھتیجے کا قتل
کراچی کے علاقے ڈیفنس میں رکن سندھ اسمبلی اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کو گزشتہ روز کراچی میں قتل کیا گیا۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ اکرم ابڑو سمیت گاڑی میں سوار افراد جیکب آباد جانے کے لیے نکلے تھے جہاں ڈیفنس میں تربیت یافتہ ملزمان نے مہارت سے گاڑی کو گھیر کر حملہ کیا، خصوصی ٹیم فوٹیجز اور شواہد کا جائزہ لے کر تحقیقات آگے بڑھائے گی۔
8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی قائم
ڈی آئی جی نے واقعے کی تحقیقات کے لیے 8 رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا، کمیٹی ڈی آئی جی ساوتھ عرفان بلوچ کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں ایس ایس پی ساؤتھ اسدرضا،ایس ایس پی جیکب آباد ثمیرنور،ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ ابریز عباسی، انچارج سی ٹی ڈی راجہ عمر خطاب، ڈی ایس پی ڈیفنس آغا اصغر ، ایس ایچ او اور ایس آئی او تھانہ ڈیفنس بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
اس کے علاوہ انچارج آئی ٹی سیکشن جیکب آباد شاہ فہد اعوان بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔