04 اگست ، 2023
قومی کرکٹرز کے اگلے سینٹرل کنٹریکٹ میں ریڈ اور وائٹ بال کیٹیگریز ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ روایتی انداز میں اے، بی، سی اور ڈی کیٹیگریز میں ملیں گے، سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد بھی کم کر دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ برس سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد 33 تھی، نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد 25 یا 26 رکھنے اور سینٹرل کنٹریکٹ کے معاوضوں میں 100 فیصد سے بھی زائد اضافے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق تینوں فارمیٹس کی میچ فیس میں مجموعی طور پر 25 فیصد تک اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ ٹیسٹ میچ فیس میں 50 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے ڈومیسٹک کرکٹ اسٹرکچر اور سلیکشن کمیٹی کا اعلان کیا جائے گا، سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان سلیکشن کمیٹی کے اعلان اور چیئرمین منیجمنٹ کمیٹی ذکاء اشرف کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کیلئے انضمام الحق مضبوط امیدوار ہیں۔
خیال رہے کہ قومی کرکٹرز کے سینٹرل کنٹریکٹ 30 جون کو ختم ہو گئے تھے جس کے بعد اس میں ایک ماہ کی توسیع دی گئی تھی۔