08 ستمبر ، 2023
کراچی میں حب ریور روڈ نیول کالونی گیٹ کے سامنے سکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے۔
سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کیماڑی عارف اسلم راؤ کے مطابق واقعہ جمعہ کی شام پونے پانچ بجے ہوا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ہلاک شخص حنیف مادا ولد چاند مادا چیک باؤنس کے مقدمے میں پولیس کو مطلوب تھا۔مذکورہ بالا شخص نیول کالونی پہنچا تو وہاں موجود تھانہ سعیدآباد انویسٹیگیشن پولیس پارٹی کو دیکھ کر نیول کالونی گیٹ سے باہر کی طرف بھاگ کر فرار ہوا۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق موقع پر موجود لوگوں نے حنیف مادا کو بھاگتا دیکھ کر چور چور کی آوازیں لگائیں جسں پر گیٹ پر تعینات سکیورٹی گارڈ نے اس پر فائرنگ کردی۔
عارف اسلم راؤ کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آکر حنیف مادا اور ایک راہ گیر عورت سعدیہ زوجہ شفقت حسین شاہ ہلاک ہوگئے۔
ایس ایس پی کیماڑی کے مطابق فائرنگ کرنے والے سکیورٹی گارڈ عاقب ولد حیدر زمان کو گرفتار کرکے فائرنگ میں استعمال ہونے والا پستول بمعہ زندہ و چلیدہ راؤنڈ برآمد کرلیے گئے جبکہ ساتھی 3 سکیورٹی گارڈز کو بھی انٹروگیشن کے لیے تحویل میں لیا گیا ہے۔