Time 29 ستمبر ، 2023
جرائم

6 کروڑ سے زائد کی ڈکیتی میں ملوث ملزم کا بھائی گرفتار، 5 کروڑ 31 لاکھ برآمد

کراچی کے علاقے کورنگی میں 6 کروڑ روپے سے زائد کی ڈکیتی میں ملوث ملزم کے بھائی کو پنجاب سے گرفتار کر لیا گیا۔

واقعہ 19 ستمبر کو کورنگی صنعتی ایریا میں پیش آیا تھا جہاں سکیورٹی گارڈ ذوہیب 6 کروڑ 35 لاکھ روپے لوٹ کر فرار ہوگیا تھا۔ ملزم جس لڑکی سے محبت کرتا تھا اس نے ذوہیب کی غربت کے باعث اس کی محبت ٹھکرادی تھی جس پر اس نے راتوں رات امیر بننے کے لیے یہ واردات انجام دی۔

واقعے کا مقدمہ کورنگی صنعتی ایریا تھانے میں درج کیا گیا جس کے بعد تحقیقات شروع ہوئی۔ 

کورنگی انویسٹی گیشن حکام نے جیو نیوز کو بتایا کہ پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے پنجاب کے شہر وہاڑی میں چھاپے مارے جہاں سے ملزم ذوہیب کے بھائی زین کو گرفتار کیا گیا جبکہ اس کے قبضے اور نشاندہی پر 5 کروڑ 31 لاکھ روپے برآمد کرلیے گئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد مزید تحقیقات کیلئے جلد ہی کراچی منتقل کیا جائے گا۔

حکام نے مزید بتایا کہ مرکزی ملزم ذوہیب کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں اور جلد ہی اسے بھی گرفتار کرلیا جائے گا ۔

مزید خبریں :