05 اکتوبر ، 2023
پاکستان کے فاسٹ بولر محمد عامر اور آل راؤنڈر عماد وسیم نے ورلڈکپ کے لیے اپنی اپنی سیمی فائنلسٹ ٹیموں سے متعلق پیشگوئی کی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام 'ہارنا منع ہے' میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عامر نے آج کے افتتاحی میچ سے متعلق بھی پیشگوئی کی، انہوں نے کہا میرے خیال میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ میں نیوزی لینڈ جیتے گا کیونکہ ان کا بولنگ کمبی نیشن اور ٹیم زیادہ اچھی ہے۔
عماد وسیم نے آج کے میچ کے لیے انگلینڈ کو فیورٹ قرار دیا اور کہا نیوزی لینڈ کے ساتھ میچ میں انگلینڈ فاتح رہے گی۔
سیمی فائنل میں کون کون سی ٹییں پہنچیں گی؟
ٹاپ فور ٹیموں سے متعلق سوال پر محمد عامر نے کہا 'انگلینڈ، بھارت، آسٹریلیا اور پاکستان کی ٹیمیں سیمی فائنلسٹ ہوں گی'۔
فاسٹ بولر نے کہا 'پاکستان کی جگہ پہلے میں نیوزی لینڈ کو فیورٹ قرار دے رہا تھا لیکن اب پاکستان کہوں گا کیونکہ ہماری ٹیم پر اب کوئی دباؤ نہیں ہے ، جب پاکستان پر دباؤ نہیں ہوتا تب ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتی ہے'۔
اسی سوال پر آل راؤنڈر عماد وسیم نے کہا 'میرے خیال میں سیمی فائنل میں پاکستان، انڈیا، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ٹاپ فور پوزیشنز حاصل کریں گی'۔
انہوں نے کہا 'پاکستان کے بعد جنوبی افریقن ٹیم میری پسندیدہ ہے، جیسے وہ کھیلتے ہیں مجھے ان کی کرکٹ پسند ہے'۔
ٹاپ ٹو سے متعلق عماد وسیم نے کہا 'میں نے پیشگوئی کی تھی کہ پاکستان اور بھارت کا فائنل ہوگا اور میں اس پر قائم ہوں'۔
محمد عامر نے ٹاپ ٹو سے متعلق کہا 'دعا ہے پاکستان فائنل میں ہو لیکن ٹیکنیکل طور پر انگلینڈ اور بھارت کی ٹیمیں ورلڈکپ کے فائنل میں ہوں گی'۔