21 جنوری ، 2024
کراچی کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں سی ٹی اسکین کیلئے لگائے جانے والا انجیکشن دستیاب نہیں ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ٹی اسکین کے لیے مریضوں کو کانٹراسٹ انجیکشن لگایا جاتا ہے جو ڈاؤ اوجھا کیمپس، سول اور جناح اسپتال میں نہیں مل رہا۔
ذرائع نے بتایا کہ اسپتال مریضوں کو سی ٹی اسکین کیلئے انجیکشن باہر سے لانے کی ہدایت کر رہے ہیں اور مارکیٹ میں کانٹراسٹ انجیکشن زائد قیمت پر فروخت ہو رہا ہے اور 3 سے 4 ہزار روپے میں ملنے والا انجیکشن 8 ہزار روپے کا مل رہا ہے۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق درآمد میں کمی کے باعث انجیکشن کی قلت ہے، جلد مسلئے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب نگران وزیر صحت سندھ ڈاکٹر سعد خالد نیاز اسپتالوں میں کانٹراسٹ انجیکشن کی قلت سے ناواقف نظر آئے۔
جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر سعد خالد نیاز نے کہا کہ متعدد سرکاری اسپتالوں میں کانٹراسٹ انجیکشن کی کمی کا علم نہیں، اگر کانٹراسٹ انجیکشن دستیاب نہیں تو یہ سنجیدہ صورتحال ہے، جلد کانٹراسٹ انجیکشن سے متعلق تفصیلات لوں گا۔