20 فروری ، 2024
پاکستان بھر میں تقریباً 3 دن بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس( سابق ٹوئٹر) کی سروس بحالی کے بعد دوبارہ متاثر ہوگئی۔
ویب سائٹس کی بندش کو مانیٹر کرنے والی سائٹ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق پاکستان میں 17 فروری کی شب 9 بجے سے ایکس کی سروس ڈاؤن ہوئی تھی۔
تاہم ایکس کی سروس پیر کی رات ڈیڑھ گھنٹہ بحالی کے بعد دوبارہ متاثر ہوگئی، اتوار کو بھی ایکس کی سروس آدھا گھنٹہ بحال ہونے کے بعد پھرڈاؤن ہو گئی تھی۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) ایکس کی بندش پر مؤقف دینے سے گریز ہے۔
دوسری جانب انسانی حقوق کمیشن پاکستان نے انٹرنیٹ یا کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بند کرنے کے عمل کو فوری ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
خیال رہے کہ ملک میں حالیہ وقت کے دوران کئی بار انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سروسز کی بندش سامنے آئیں جب کہ عام انتخابات کے روز سکیورٹی خدشات کے پیش نظر انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس معطل کی گئی تھی۔