01 مئی ، 2024
کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آبادمیں گزشتہ روزخاتون کے قتل کے بعد نوجوان کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ رشتےمیں ناکامی پر پیش آیا، مقتولہ فضا کے اہل خانہ نے برہان کو رشتہ دینے سے انکارکردیا تھا۔
ذرائع نے بتایاکہ پولیس نےدونوں کےموبائل فون سے تفصیلات حاصل کرنےکے لیے ماہر کو طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی آر میں فضا اور برہان کےموبائل فون نمبروں پربات کرنے کے ثبوت نہیں ملے، موبائل کا لاک کھولنےکے بعد واٹس ایپ اور دیگر ڈیٹا بھی دیکھا جائے گا۔
پولیس ذرائع کے مطابق برہان کل دفتر سےکچھ دیرکےلیےکورنگی گیا اور اسلحہ لےکر واپس آیا، پستول نیا اور باکس میں تھا جس کی وجہ سےملازمین کو پتا نہ چل سکا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک ایل میں قائم شپنگ کمپنی کے دفتر میں کمپنی کے ملازم برہان نے پہلے اپنے منیجر سے آدھے گھنٹے کی چھٹی لی اورپھر پستول کے ساتھ دفتر میں واپس آیا۔
برہان نے دفتر میں اندھا دھند فائرنگ کردی جس کی وجہ سے چار گولیاں لگنے سے اسی دفتر کی ملازمہ فضا موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ بعد ازاں برہان نے خود کو سر میں گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا تھا۔