04 فروری ، 2013
کراچی…طبی ماہرین کے مطابق پاکستان میں اموات کی دوسری بڑی وجہ منہ کا سرطان ہے۔ پاکستان کا شمار دنیا کے ان ممالک میں ہوتا ہے، جہاں پان، چھالیہ اورسگریٹ نوشی کا استعمال دن بدن بڑھتا جارہا ہے۔ شہر کی شاید ہی کوئی گلی ہو جہاں پان،سگریٹ اور چھالیہ فروخت نہ ہورہے ہوں اور یہی ہے وہ زہر جو بنتا ہے منہ کے سرطان کا باعث۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین بھی اس مرض میں مبتلا ء ہورہی ہیں۔ طبی ماہرین کہتے ہیں کہ اگر کسی کو ایک بار منہ کا سرطان ہوجائے تو علاج آسان نہیں، ڈاکٹرز کہتے ہیں کہ کراچی کی آبادی لگ بھگ دو کڑور ہے جس میں سے دس فیصد افراد منہ کے سرطان کے مہلک مرض میں مبتلا ہیں۔ کہتے ہیں کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ پان، چھالیہ اور تمباکو نوشی کو ترک کردیا جائے تو منہ کے سرطان سے بچا جا سکتا ہے۔