Time 04 جولائی ، 2024
انٹرٹینمنٹ

ویڈیو: کینسر سے لڑتی بھارتی اداکارہ حنا خان نے اپنے بال جھڑنے سے قبل خود ہی کٹوا دیے، والدہ رو پڑیں

بھارت کی نامور اداکارہ اور بگ باس سیزن 11 کی رنر اپ حنا خان میں حال ہی میں چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوئی جس کے بعد ان کی کیمو تھراپی جاری ہے۔

حنا نے جمعرات کی صبح اپنے انسٹاگرام پر طویل کیپشن کے ساتھ ایک ویڈیو جاری کی جس میں وہ اپنے بال کٹوا رہی ہیں جب کہ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کس طرح اداکارہ نے اپنے لمبے گھنے بال بالکل چھوٹے کروالیے۔

ویڈیو میں حنا اور ان کے ہیئر اسٹائلسٹ سمیت والدہ بھی موجود ہیں جن کی مسلسل رونے کی آواز آرہی ہے جب کہ اداکارہ اپنی والدہ کی ڈھارس باندھ رہی ہیں اور کہہ رہی ہیں کہ یہ صرف بال ہیں آپ روئیں نہیں، آپ نہیں کٹواتیں؟ آپ نے کئی مرتبہ چھوٹے بال کروائے ہیں۔

حنا خان والدہ کو کہہ رہی ہیں کہ مما آپ نہیں روئیں ورنہ آپ کی طبعیت خراب ہوجائے گی۔

انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ میں نے فیصلہ کیا ہے اس جنگ کو جیتنے کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گی، میں اپنے خوبصورت بالوں کو گرنے سے پہلے خود کٹوا رہی ہوں۔

اداکارہ نے بتایا کہ وہ اپنے ہی بالوں سے اپنی لیے وِگ بنوائیں گی اور جب ان کے بال مکمل اتریں گے تو وہ وِگ کا استعمال کریں گی۔

حنا خان کی پوسٹ پر مداح ان کی ہمت کی داد دیتے ہوئے ان کے لیے دعا گو ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل بھارتی ڈرامہ سیریل’ یہ رشتہ کیا کہلاتا ہے‘ سے مقبولیت پانے والی حنا خان نے اسٹیج تھری کے کینسر میں مبتلا ہونے کا انکشاف کیا تھا۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے چھاتی کے کینسر میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔

حنا خان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ’ افواہوں کے پیش نظر تمام لوگ جو مجھ سے محبت کرتے ہیں اور میرا خیال کرتے ہیں، انہیں یہ بتانا چاہتی ہوں کہ مجھے اسٹیج تھری کے چھاتی کے سرطان کی تشخیص ہوئی ہے‘۔

اداکارہ نے بتایا کہ ’میرا علاج شروع ہو چکا ہے، میں اس بیماری کو شکست دینے کیلئے تیار ہوں، مجھے یقین ہے میں اپنے پیاروں، فیملی اور دوستوں کے ساتھ، اللہ تعالیٰ کے کرم سے کینسر کو شکست دے کر مکمل صحتیاب ہو جاؤں گی۔

مزید خبریں :