Time 08 جولائی ، 2024
جرائم

کراچی: ڈی ایس پی علی رضا کے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

کراچی: ڈی ایس پی علی رضا کے  قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ سامنے آگئی

کراچی: ڈی ایس پی سی ٹی ڈی علی رضا کے قتل کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی۔

حکام کے مطابق علی رضا کی دو ہفتے تک ر یکی کی گئی، وہ روزانہ رہائشی اپارٹمنٹ آتے تھے، اتوار کو بھی ڈی ایس پی علی رضا معمول کے مطابق گھر سے نکلے اور اپارٹمنٹ پہنچے۔

حکام کے مطابق ملزمان جانتے تھے کہ علی رضا کی گاڑی بم پروف ہے اور ان کے پاس ہتھیار ہوتا ہے، ملزمان نے علی رضا کے گاڑی سے اترنے کے بعد اپارٹمنٹ میں داخل ہونے پر فائرنگ کی۔

تحقیقاتی حکام کے مطابق موٹر سائیکل سوار دو ملزمان ڈی ایس پی علی رضا کے پہنچنے سے پہلے ہی انتظار کررہے تھے۔

حکام کا بتانا ہے کہ واردات میں ایک ہی ہتھیار استعمال ہوا، جائے وقوعہ سے گولیوں کے 11 خول ملے ہیں، ڈی ایس پی علی رضا کو دو گولیاں کمرپر، تیسری گولی گردن میں اور چوتھی سرپر لگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ علاقے میں ملزمان کے آنے اور فرار کے راستوں کی جیو میپنگ کی جارہی ہے، عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں اور بیانات کی تصدیق جاری ہے۔

حکام کے مطابق واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو حاصل کی جارہی ہیں، ملزمان کی ویڈیو نہ ملنے پر ان کے خاکے بنائے جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کریم آباد میں موٹر سائیکل پر سوار دو حملہ آوروں نے ڈی ایس پی علی رضا کی گاڑی پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں علی رضا اور ان کا محافظ شدید زخمی ہو گئے تھے، دونوں کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے تھے۔

مزید خبریں :