Time 22 اگست ، 2024
دنیا

بھارت میں جنسی زیادتی کا ایک اور المناک واقعہ، ڈاکٹر نے اسپتال میں نرس کو ہوس کا نشانہ بنا ڈالا

بھارت میں جنسی زیادتی کا ایک اور المناک واقعہ، ڈاکٹر نے اسپتال میں نرس کو ہوس کا نشانہ بنا ڈالا
اتر پردیش کے ایک نجی اسپتال میں ڈاکٹر نے 20 سالہ دلت نرس کو اسپتال میں ہی یرغمال بنا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا: بھارتی میڈیا۔ فوٹو فائل

بھارت کے شہر کلکتہ میں ابھی لیڈی ٹرینی ڈاکٹر کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کا معاملہ ٹھنڈا نہیں ہوا کہ طبی عملے کی خواتین کے ساتھ زیادتی کے ایک کے بعد کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

کلکتہ کے آر جی کار اسپتال میں 9 اگست کو لیڈی ٹرینی ڈاکٹر کو نشے میں دھت پولیس رضا کار نے جنسی زیادتی کے بعد قتل کر دیا تھا۔

اس سے ایک روز قبل ریاست اترا کھنڈ سے تعلق رکھنے والی نرس کی لاش بھی 8 اگست کو ریاست اتر پردیش کے ضلع بلاس پور سے ملی تھی، نرس کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ اس کی بہن نے 31 جولائی کو درج کروائی تھی۔

اس ریاست اتر پردیش میں ہی نجی اسپتال کے ڈاکٹر کی جانب سے ایک دلت نرس کے ساتھ زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے ضلع مراد آباد کے ایک نجی اسپتال میں ڈاکٹر نے 20 سالہ دلت نرس کو اسپتال میں ہی یرغمال بنا کر جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

متاثرہ نرس کے والد نے پولیس کو بتایا کہ ان کی بیٹی کے ساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ 17 اور 8 اگست کی درمیانی شپ اس وقت پیش آیا جب وہ ڈیوٹی پر اسپتال میں موجود تھی۔

درخواست گزار نے بتایا کہ ان کی بیٹی 17 اگست کی شام 7 بجے ڈیوٹی پر پہنچی تھی، رات دیر گئے اسپتال کی ایک دوسری نرس نے اسے کہا کہ ڈاکٹر نے اسے اپنے کمرے میں بلایا ہے، جب متاثرہ نرس نے ڈاکٹر سے اس کے کمرے میں ملنے سے انکار کیا تو وہ نرس اور ایک وارڈ بوائے اسے زبردستی پکڑ کر ڈاکٹر کے کمرے میں لے گئے اور دروازہ باہر سے لاک کر دیا، بعد ازاں ڈاکٹر کمرے میں داخل ہوا اور کمرہ اندر سے لاک کر کے نرس کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

متاثرہ نرس کے والد درخواست گزار نے بتایا کہ ڈاکٹر نے بیٹی کو جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی اور اس کی ذات کو بھی برا بھلا کہا۔

پولیس نے متاثرہ نرس کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو حراست میں لے لیا جبکہ لڑکی کے والد نے وزیراعلیٰ ادتیا یوگی ناتھ سے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی بیٹی کے ساتھ جنسی زیادتی کرنے والوں کو سزائے موت دی جائے۔

مزید خبریں :