Time 24 ستمبر ، 2024
کھیل

چیمپئنز کپ: صائم ایوب نے اپنا مین آف دی میچ ایوارڈ حسنین کو کیوں دیدیا؟

چیمپئنز کپ: صائم ایوب نے اپنا مین آف دی میچ ایوارڈ حسنین کو کیوں دیدیا؟
مارخورز کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے پر صائم ایوب کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تھا—فوٹو: اسکرین گریب

چیمپئنز ون ڈے کپ میں پینتھرز کے صائم ایوب نے مارخورز کے خلاف 5 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ کا ملنے والا ایوارڈ اپنے ساتھی کھلاڑی محمد حسنین کو دے دیا۔

منگل کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے کوالیفائر 1 میں پینتھرز نے مارخورز کو 7 وکٹ سے ہرا کر ایونٹ کے فائنل میں جگہ بنالی۔

کوالیفائر1 میں مارخورز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔پینتھرز کے خلاف مارخورز کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 25 رنز پر گر گئیں اور پھر پوری ٹیم صرف 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

پینتھرز کی جانب سے صائم ایوب نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 اور محمد حسنین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں پینتھرز نے 138 رنز کا ہدف 24 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔عثمان خان 54 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ عمر صدیق نے 35 اور صائم ایوب نے 33 رنز بنائے۔

مارخورز کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے پر صائم ایوب کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

تاہم صائم ایوب نے اپنا ایوارڈ ساتھی کھلاڑی محمد حسنین کو دے دیا۔

صائم ایوب نے کہا کہ میرے خیال سے یہ ایوارڈ حسنین کا بنتا ہے، جس طرح اس نے نئے گیند سے وکٹیں لے کر شاندار آغاز فراہم کیا اسی نے  جیت کی بنیاد رکھی، یہی وجہ تھی کہ مجھے بھی وکٹیں ملیں۔

واضح رہے کہ ایونٹ میں اب بدھ کو ایلمینیٹر 1 میں اسٹالینز کا مقابلہ لائنز سے ہوگا،جیتنے والی ٹیم ایلمینیٹر 2 میں مارخورز کا سامنا کرے گی۔

مزید خبریں :