02 دسمبر ، 2024
ہر سال آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے ایک ایسے لفظ کا انتخاب کیا جاتا ہے جو گزشتہ 12 ماہ کی عکاسی کرتا ہے یا وہ طویل المعیاد ثقافتی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
مگر 2024 کے لیے جس لفظ کا انتخاب کیا گیا ہے وہ بہت دلچسپ ہے۔
یہ لفظ ہے برین روٹ (Brain rot)۔
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 37 ہزار سے زائد افراد کے ووٹوں کو مدنظر رکھ کر اس لفظ کا انتخاب کیا گیا۔
آکسفورڈ پریس نے 6 الفاظ کو شارٹ لسٹ کیا تھا جس میں سے برین روٹ کا انتخاب کیا گیا۔
برین روٹ بنیادی طور پر کسی فرد کی ذہنی یا دانشورانہ حالت میں تنزلی کو بیان کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، خاص طور پر کسی مواد کو بہت زیادہ دیکھنے (جیسے آن لائن مواد) والے افراد کے لیے اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔
آکسفورڈ پریس نے بتایا کہ اس اصطلاح نے 2024 میں کافی مقبولیت حاصل کی کیونکہ ایسے خدشات سامنے آرہے تھے جن میں کہا گیا تھا کہ آن لائن غیر معیاری مواد کو بہت زیادہ دیکھنے سے ذہنی حالت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کوئی نیا لفظ نہیں بلکہ کمپیوٹرز کی آمد سے بھی پہلے کا ہے۔
یہ لفظ سب سے پہلے 1854 میں ایک کتاب Walden میں استعمال کیا گیا تھا۔
آکسفورڈ لینگوئجز کے صدر کیسپر گارتھ ہول نے بتایا کہ برین روٹ ورچوئل زندگی کے خطرات کی عکاسی کے لیے استعمال ہونے والا ایک لفظ ہے اور اس سے یہ علم ہوتا ہے کہ ہم اپنا فارغ وقت کیسے استعمال کر رہے ہیں۔
اس سے قبل آکسفورڈ پریس نے 2023 میں رِز، 2022 میں گوبلن موڈ جبکہ 2021 میں ویکس کو منتخب کیا تھا۔