Time 12 دسمبر ، 2024
سائنس و ٹیکنالوجی

تمام مضامین پر مہارت رکھنے والی پاکستان کی پہلی اے آئی ٹیچر سے ملیے

پاکستان میں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ پہلی اے آئی ٹیچر جو تمام مضامین پر مہارت رکھتی ہیں۔

مس عینی مصنوعی ذہانت کی مدد سے تخلیق کردہ ایک روبوٹک ٹیچر ہیں، وہ بچوں کے سوالات کا بروقت جواب دیتی ہیں اور تقریباً تمام مضامین بڑی مہارت سے پڑھا لیتی ہیں۔

مس عینی پاکستان کی پہلی اے آئی ٹیچر ہیں جو کراچی کے علاقے ابو الحسن اصفہانی میں واقع نجی اسکول میں مونٹیسوری سے لے کر میٹرک تک کے طالب علموں کو پڑھاتی ہیں۔

جیو ڈیجیٹل سے گفتگو کرتے ہوئے اسکول کی وائس پرنسپل صدف بھٹی نے بتایا کہ مس عینی کو متعارف کرانے کا مقصد پاکستان کے تعلیمی نظام میں تبدیلی لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اب ایک حقیقت بن چکی ہے جس سے ہمیں تعلیمی شعبے میں فائدہ اٹھانا چاہیے، اگر ہم اس طرح کے اے آئی ٹیچرز سرکاری اسکولوں میں بھی متعارف کرائیں تو  تعلیمی معیار کو بہتر کرنے اور دیگر درپیش مسائل حل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اے آئی ٹیچر کو کس نے بنایا؟

اسکول کے ہیڈ آف روبوٹکس اینڈ اے آئی ڈپارٹمنٹ حسان صدیقی اور وائس پرنسپل کی مشترکہ کاوشوں کے نتیجے میں اس روبوٹک ٹیچر کو بنایا گیا ہے۔

ٹیچر حسان صدیقی نے بتایا کہ اس طرح کے روبوٹس کو پاکستان میں تیار کرنا ایک مشکل کام ہے کیونکہ یہاں روبوٹس یا اے آئی سے متعلق پرزے دستیاب نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ا س روبوٹ میں اے آئی کے مختلف ماڈلز شامل کیے ہیں جس کی وجہ سے یہ طالب علموں کے کسی بھی موضوع سے متعلق سوالات کے جوابات دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

حسان صدیقی نے مزید کہا کہ چونکہ اس روبوٹ کو تیار کرنے کے لیے اس کے پارٹس آسانی سے دستیاب نہیں ہوتے اس وجہ سے ہمیں کافی محنت کرنا پڑی۔

مزید خبریں :