Time 12 فروری ، 2025
دلچسپ و عجیب

شوہر کی وہ عام عادت جو بیوی سے تعلق کو بری طرح خراب کرتی ہے

شوہر کی وہ عام عادت جو بیوی سے تعلق کو بری طرح خراب کرتی ہے
یہ عادت موجودہ عہد میں بہت زیادہ عام ہوچکی ہے / فوٹو بشکریہ susan winter

موجودہ عہد میں دنیا بھر میں طلاق کی شرح میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جبکہ جوڑوں کے درمیان جھگڑے بھی بڑھ گئے ہیں۔

سائنسدانوں نے اس کی ایک بڑی وجہ دریافت کی ہے اور وہ ہے زیادہ وقت موبائل فون میں گم ہو کر گزارنا۔

جب کوئی فرد اپنے شریک حیات پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے اپنا زیادہ وقت موبائل فون میں گم ہو کر گزارتا ہے تو اس کے لیے Phubbing کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

اس حوالے سے حالیہ برسوں میں کافی تحقیقی کام ہوا ہے جس میں اس عادت اور جوڑوں کے باہمی رشتے پر مرتب اثرات پر روشنی ڈالی گئی۔

اب جرنل فرنٹیئرز ان سائیکولوجی میں شائع ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ یہ رویہ یا عادت تباہ کن نتائج کا باعث بنتا ہے۔

تحقیق کے مطابق اگر آپ کھانے کی میز یا کسی خوشگوار لمحے میں اپنے فون پر اسکرولنگ کرنے میں مصروف رہتے ہیں تو شریک حیات سے تعلق خراب ہونے پر حیران ہونا نہیں چاہیے۔

تحقیق کے مطابق بظاہر Phubbing کی عادت بے ضرر محسوس ہوتی ہے جیسے کوئی فرد فون پر ٹیکسٹ میسجز چیک کر رہا ہے یا ایسے ہی فون پر اسکرولنگ کرتے ہوئے خیال کرتا ہے کہ وہ اپنے شریک حیات کو نظرانداز نہیں کر رہا۔

مگر وقت کے ساتھ اس طرح فون میں گم رہنا شریک حیات کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتا ہے اور رشتے پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ درحقیقت فون پر گم رہنے کی عادت پرتشدد یا جسمانی طور پر نقصان نہیں پہنچاتی مگر پھر بھی یہ ایسی جارحیت ہے جو باہمی تعلق کو جذباتی طور پر تباہ کرتی ہے۔

تحقیق کے مطابق اس عادت کے باعث نظر انداز کیا جانے والا فرد محسوس کرتا ہے کہ اسے مسترد کیا جا رہا ہے جس کے نتیجے میں اس کے رویے میں جارحیت بڑھتی ہے، جیسے وہ دانستہ طور پر دل کو ٹھیس پہنچانے والی باتیں کرنے لگتا ہے یا دیگر اقدامات کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین اور مردوں کی جانب سے Phubbing کی عادت پر مختلف انداز سے ردعمل ظاہر کیا جاتا ہے۔

جب شوہر کی جانب سے بیوی کو فون استعمال کرتے ہوئے نظرانداز کیا جاتا ہے تو بیوی کے اندر شریک حیات کی جانب سے محبت میں کمی کا احساس بڑھتا ہے، جس کے نتیجے میں وہ ایسے اقدامات کرتی ہیں جس سے باہمی تعلق خراب ہو جاتا ہے۔

اس کے مقابلے میں مردوں کو جب احساس ہوتا ہے کہ بیوی کی جانب سے فون کے باعث انہیں نظرانداز کیا جا رہا ہے تو ان کے اندر بھی جارحیت بڑھتی ہے مگر ان کا ردعمل زیادہ سنگین نہیں ہوتا۔

اس سے قبل اکتوبر 2023 میں ترکیہ کی Niğde Ömer Halisdemir یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ موجودہ عہد میں لوگ اسمارٹ فون پر زیادہ توجہ مرکوز کرتے ہیں جس سے شریک حیات کو برا محسوس ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 712 جوڑوں کو شامل کیا گیا تھا جن کی اوسط عمر 37 سال تھی۔

تحقیق کے دوران دیکھا گیا کہ موبائل فون میں گم رہنے اور رشتے پر اطمینان کے درمیان کیا تعلق موجود ہے۔

اس مقصد کے لیے ان جوڑوں سے تفصیلات حاصل کی گئیں اور ان سے سوالنامے بھروائے گئے تاکہ ان کی ذہنی صحت کا اندازہ ہوسکے اور یہ بھی معلوم ہو سکے کہ ان کی لوگوں سے بات چیت کی صلاحیت کتنی اچھی ہے اور کس حد تک موبائل فون ان کی زندگی کا حصہ ہے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ شوہر یا بیوی میں سے کوئی ایک جتنا زیادہ وقت موبائل فون پر گزارے گا، باہمی رشتہ اتنا زیادہ متاثر ہوگا۔

تحقیق کے مطابق اب Phubbing کو کافی حد تک معاشرے نے قبول کرلیا ہے مگر پھر بھی شادی شدہ افراد کے لیے یہ تباہ کن عادت ہے۔

محققین نے بتایا کہ نظر انداز کیے جانے کا تصور لوگوں کو اچھا محسوس نہیں ہوتا اور اس کے نتیجے میں جوڑوں کے درمیان جھگڑے بڑھ جاتے ہیں، کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ ان کا شریک حیات توقعات پر پورا نہیں اتر رہا۔

مزید خبریں :