18 فروری ، 2025
کراچی میں جیل چورنگی کے قریب واٹر ٹینکر کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واٹر ٹینکر ڈرائیورز مبینہ طور پر ریس لگا رہے تھے ۔اس دوران موٹر سائیکل سوار زد میں آ گیا۔
ریسکیو حکام نے بتایاکہ ٹریفک حادثے میں موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔جاں بحق شخص کی شناخت نہیں ہو سکی۔
پولیس کے مطابق جیل چورنگی کے قریب مشتعل افراد نے 5 واٹر ٹینکرز کو آگ لگا دی۔ تاہم فائر بریگیڈ نے ٹینکرز میں لگنے والی آگ کو بجھادیا۔
دوسری جانب وزیرِداخلہ سندھ ضیا لنجار نے جیل چورنگی کے پاس ٹینکرز جلانے کے واقعے کا نوٹس لے لیا۔ اعلامیے کے مطابق وزیرداخلہ سندھ نے پولیس حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
خیال رہے کہ رواں سال یکم جنوری 2025 سے اب تک کراچی شہر میں مختلف ٹریفک حادثات میں اب تک 100 سے زائد شہریوں کی اموات رپورٹ ہو چکی ہیں۔