07 اپریل ، 2025
امریکا میں وبائی مرض خسرہ کی وبا شدت اختیارکرگئی ہے جبکہ اس بیماری سے ایک اور بچی ہلاک ہوگئی ہے۔
امریکی ریاست ٹیکساس میں خسرہ بہت زیادہ تیزی سے پھیلا ہے جبکہ اس کے کیسز دیگر ریاستوں نیو میکسیکوو، اوکلاہوما اور کنساس تک پھیل چکے ہیں۔
ٹیکساس میں خسرہ سے ایک 8 سالہ بچی ہلاک ہوئی جس کی ویکسینیشن نہیں ہوئی تھی۔
ٹیکساس میں اب تک خسرہ کے 480 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جبکہ امریکا میں اب تک خسرہ سے 3 اموات ہو چکی ہیں، جن میں 2 ٹیکساس اور ایک نیو میکسیکو میں ہوئی۔
واضح رہے کہ سال 2000 میں امریکا میں خسرہ کے خاتمے کا اعلان کیا گیا تھا مگر گزشتہ برسوں میں اس کی واپسی ہوئی۔
2025 کے اولین 3 ماہ کے دوران امریکا میں اب تک خسرہ کے کیسز کی تعداد 2024 کے مجموعی کیسز سے دوگنا زیادہ ہوچکی ہے۔
امریکی وزیر صحت رابرٹ ایف کینیڈی جونیئر کے مطابق رواں سال خسرہ کے 600 سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کا سب سے مؤثر طریقہ ایمایم آر ویکسین ہے۔
مختلف رپورٹس کے مطابق رواں سال کے دوران 21 امریکی ریاستوں میں خسرہ کے 607 کیسز کی تشخیص ہوئی جن میں سے زیادہ تر ٹیکساس میں سامنے آئے۔
اس سے قبل عالمی ادارہ صحت نے بتایا تھا کہ 2024 میں یورپ اور وسطی ایشیا میں خسرہ کے ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے تھے جو گزشتہ 25 سال میں سب سے زیادہ تعداد تھی۔