08 فروری ، 2014
ہنزہ…ہنزہ سے تعلق رکھنے والے 8 سالہ محسن علی نے 6 ہزار 50 میٹر بلند پہاڑ منگ لگ Minglig سر کرکے منفرد کارنامہ انجام دیا ہے۔8سالہ محسن علی کا تعلق ہنزہ کے گاوٴں شمشال گوجال سے ہے، اس نے اپنے والد کے ساتھ چار رکنی ٹیم کے ہمراہ 25 جنوری کو مہم جوئی کا آغاز کیا اور 28 جنوری کو 6 ہزار 50 میٹر بلند پہاڑی چوٹی پر پاکستانی پرچم لہرا دیا ۔ پاکستان میں پہاڑوں اور کوہ پیماوٴں کیلئے کام کرنے والے الپائن کلب ہنزہ کا دعویٰ ہے کہ محسن پاکستان کا سب سے کم عمر کوہ پیما ہے، کلب نے اس سلسلے میں الپائن کلب اسلام آباد کو خط بھی بھیج دیا ہے۔ محسن کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کو امن کا پیغام دینا اور پاکستان کا نام روشن کرنا چاہتا ہے۔