24 فروری ، 2014
پشاور…فاٹا مین تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہو گئی ہے۔مہم کے دوران شمالی وزیرستان کے سوا چھ قبائلی ایجنسیوں میں 7 لاکھ 12 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کی ویکسین دی جائے گی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا ارباب عارف نے فاٹا سیکرٹریٹ میں بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلا کر تین روزہ مہم کا آغاز کیا۔ حکام کے مطابق مہم کے دوران سات لاکھ 12 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ مہم کے لیے ڈھائی ہزار سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔جس میں محکمہ صحت کے ملازمین،اساتذہ اور دیگر رضا کار حصہ لے رہے ہیں ،فاٹا حکام کے مطابق شمالی وزیرستان کو سیکورٹی خدشات کے پیش نظر مہم میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔مہم کی سکیورٹی کے لیے ایف سی اور خاصہ دار فورس کے اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔