24 جون ، 2014
اسلام آبا.....عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر نیما سعید عابد کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی شروع ہونے کے بعد پولیو پھیلنے کا خطرہ پہلے سےکئی گنا زیادہ بڑھ گیا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سےگفتگوکرتے ہوئے پاکستان میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندے ڈاکٹر نیما سعید عابد نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں اب تک پولیو کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں ، آئی ڈی پیز کے ذریعے پولیو کے پھیلاؤ کا خطرہ مزید بڑھ گیا ہے جس کی روک تھام کے اقدامات پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان سے نقل مکانی کرنے والوں کو خارجی راستوں پر پولیو ویکسین دی جارہی ہے،عالمی ادارہ صحت آئی ڈی پیز کےکیمپوں میں ملیریا ، خسرہ اور دیگر مہلک بیماریوں سے بچاؤ کے لیے بھی اقدامات کر رہا ہے، اب تک 36 ہزار ایمرجنسی کٹس تقسیم کی جا چکی ہیں ۔