12 اپریل ، 2012
اسلام آباد … ملک میں تیل و گیس تلاش کی سب سے بڑی کمپنی او جی ڈی سی ایل میں مستقل منیجنگ ڈائریکٹر کی تقرری تقریباً ایک سال بعد بھی نہ ہوسکی۔ او جی ڈی سی ایل ذرائع کے مطابق وزیر پیٹرولیم کی جانب سے ایک سال قبل حلف لیے جانے کے بعد سرکاری تیل و گیس کمپنیوں کے ایم ڈیز تبدیل کئے جانے کا اعلان کیا گیا تھا جس کے تحت سوئی ناردرن، سدرن، پی پی ایل اور پی ایس او کے سربراہان تبدیل ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اکاوٴنٹس اور بزنس ایڈمنسٹریشن کی تعلیم رکھنے والے بشارت مرزا گزشتہ 8 ماہ سے بدستور قائم مقام ایم ڈی کے طور پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں، دوسری طرف او جی ڈی سی ایل حکام کے مطابق کئی بار انٹرویوز کے باوجود کسی موزوں امیدوار کی عدم دستیابی کے باعث مستقل ایم ڈی کا تقرر نہیں ہو سکا ہے۔