17 اپریل ، 2012
لاہور… آج ہیموفیلیا کا عالمی دن ہے ،پاکستان میں 18ہزار افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔ ہیموفیلیا میں خون منجمد ہونے کا عمل متاثر ہوتا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے ذریعے اس مرض کی پیچیدگیوں سے بچا جاسکتا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق پاکستان میں 18 ہزار افراد ہیموفیلیا سے دوچار ہیں،یوں توہیموفیلیا کی کئی اقسام ہیں لیکن اے اور بی عام ہیں۔یہ بیماری زیادہ تر چھوٹی عمر کے لڑکوں کو لاحق جنہیں چاہیے کہ دانتوں کو سخت برش نہ کریں اورایسا کھیل بھی نہ کھیلیں جس میں چوٹ لگنے کا اندیشہ ہو۔۔ خون بہنے کی صورت میں ایسے مریضوں کو پلازما لگایا جاتا ہے۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں ہیموفیلیا کا علاج تقریباً نہ ہونے کے برابر ہے اور نجی اسپتالوں میں علاج مہنگا ہونے کے باعث مریض موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں ۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہیموفیلیا کے بارے میں عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ حکومتی سطح پر علاج معالجے کے بھی موثر اقدامات کی ضرورت ہے ۔