صحت و سائنس
23 نومبر ، 2014

آج پشاورمیں انسدادِپولیومہم،شام 5بجے تک موٹرسائیکل چلانے پر پابندی

آج پشاورمیں انسدادِپولیومہم،شام 5بجے تک موٹرسائیکل چلانے پر پابندی

پشاور ......پشاور میں پولیو سے بچاؤ کی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔ضلع بھر میں شام 5 بجے تک موٹر سائیکل چلانے پر پابندی رہے گی ۔رواں سال ملک بھر میں اب تک پو لیوکا شکار ہونے والے بچوں کی تعداد 260 ہوچکی ہےاورپشاورجسے کچھ عرصہ پہلے چلائے جانے والے صحت کا انصاف پروگرام کے تحت پولیو سے کلیئرقراردیا گیا تھا ۔ اب خیبرایجنسی اورشمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی آمد کے بعد بچوں کولاحق خطرات سے بچانے کے لئے آج ایک روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم چلائی جارہی ہے۔ مہم کے دوران سات لاکھ سے زیادہ بچوں کو پو لیو سے بچاوکے قطرے پلا نے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے جس کے لئے چارہزار سے زیادہ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔دوسری جانب محکمہ صحت نے دس نومبر کو خیبر پختونخوا کے 21 اضلاع میں ہونے والی تین روزہ خصوصی انسداد پولیو مہم کی رپورٹ جاری کردی گئی۔ محکمہ صحت نے اعتراف کیا ہے کہ 32 ہزاروالدین نے بچوں کو پولیو سے بچاو کے قطرے پلوانے سے انکار کردیا جبکہ 36 ہزار سے زیادہ بچے گھروں میں موجود نہ ہو نے کے باعث پو لیو سے بچاو کے قطروں سے محروم رہی ۔تاہم ضلعی انتظامیہ نے پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے پیش نظر شہر میں دفعہ 144 کے تحت موٹر سائیکل چلانے پر پابندی عائد کردی ہے جس کا اطلاق صبح آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک ہوگا۔انسداد پولیو ٹیموں اور رضاکاروں کی حفاظت کے لئے چار ہزار پولیس اہلکارتعینات کئے گئے ہیں۔جبکہ خیبر ایجنسی سے ملحقہ علاقوں بڈھ بیر اور سربند میں فرنٹیر کانسٹیبلری تعینات رہے گی ۔بس اڈوں، ریلوے اسٹیشن ، اسپتالوں اور پرہجوم مقامات پر بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔

مزید خبریں :