05 اپریل ، 2015
صنعا.........یمن میں حوثی گروپ کے سینئر رکن صالح الصمد نے فضائی حملے روکنے کی صورت میں مذاکرات کی پیش کش کردی ہے۔ صالح الصمد حوثی گروپ کے سینئر رکن ہیں ۔ صدر منصور ہادی نے حوثی گروپ کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے انہیں ستمبر 2014 میں اپنا مشیر مقرر کیا تھا ۔ صالح الصمد نے غیرملکی نیوز ایجنسی کو ای میل انٹرویو میں کہا کہ فضائی حملے روک دیے جائیں تو حوثی مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات طے شدہ مدت میں مکمل کیے جائیں، یمن کی صورت حال پر غیرجانب دار رہنے والی علاقائی یا عالمی پارٹیاں مجوزہ مذاکرات پر نظر رکھیں، مذاکرات کا عمل یمنی عوام کے لیے ٹی وی پر نشر کیا جائے گا تاکہ عوام جان سکیں کہ رکاوٹ کون ہے۔ صالح الصمدکا کہنا ہے کہ یمنی عوام حوثی گروپ کی پیش قدمی کے بعد گزشتہ ماہ ملک چھوڑ کر جانے والے صدر منصور ہادی کی وطن واپسی کے خلاف ہیں۔