22 مئی ، 2015
نیویارک........ امریکا میں ایک مفلوج شخص دماغ میں لگیchip کے ذریعے روبوٹک بازو کنٹرول میں کامیاب ہو گیا ۔ تجربہ فالج اور اس طرح کے دیگر مریضوں کے لیے خوشی کی نوید ہے۔ جرنل سائنس میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق چونتیس سالہ ایرک سورٹو کا جسم 21 سال کی عمر میں گولی لگنے کے باعث گردن سے نیچے مفلوج ہوگیا تھا ۔ کیلی فورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے ایرک کے دماغ کے اس حصے میں چِپ لگائی جہاں سے اعضا کو حرکت دینے کی خواہش جنم لیتی ہے ۔ ایرک سورٹو اس چپ کے ذریعے اپنے روبوٹک بازو کو نہ صرف حرکت دے سکتا ہے بلکہ کچھ چیزوں کو پکڑبھی سکتا ہے ۔ اس قسم کے آپریشن پہلے بھی ہوچکے ہیں لیکن ان میں چِپ دماغ کے اس حصے میں لگائی گئی تھی جو اعضا کو حرکت دینے کے احکامات صادر کرتا ہے ۔ ایرک سورٹو دنیا کا پہلا آدمی ہے جس کے دماغ کے اِس حصے میں چپ لگائی گئی ہے جہاں اعضا کو حرکت دینے کی خواہش جنم لیتی ہے۔